نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ کو خریدنے کے بعد بالآخر اس کا نام بھی بدل کر ’X‘ رکھ دیا ہے۔ نام کی اس تبدیلی کی وجہ سے گزشتہ روز ٹوئٹر کے سین فرانسسکو میں واقع ہیڈکوارٹرز کے باہر مضحکہ خیز صورتحال اس وقت پیدا ہو گئی جب سکیورٹی کو بتائے بغیر ٹوئٹر کے نیلے پرندے کی تصویر ہیڈکوارٹرز کے باہر سے اتار دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سکیورٹی آفیسرز نے جب کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کے باہر سے ٹوئٹر کی معروف نیلے رنگ کی چڑیا کی تصویر غائب دیکھی تو پولیس کو کال کر دی۔ پولیس کے آنے پر پتا چلا کہ ایلون مسک اور ان کی ٹیم کی طرف سے ٹوئٹر کانام تبدیل کرنے کے بعد ہیڈکوارٹرز کے باہر سے چڑیا کی تصویر ہٹانے کا حکم دے دیا گیا تاہم اس فیصلے سے سکیورٹی کو بے خبر رکھا گیا۔
واضح رہے کہ کمپنی کا نام تبدیل کرنے کے بعد ہیڈکوارٹرز کی بلڈنگ سے ’لوگو‘ کے علاوہ ’ٹوئٹر‘ کا نام بھی ہٹا دیاگیا ہے۔ اب ممکنہ طور پر سائن بورڈ پر کمپنی کے نئے نام ’X‘ کا لوگو آویزاں کیا جائے گا۔
ٹوئٹر کے ہیڈکوارٹرکے باہر سے نیلی چڑیا غائب دیکھ کر سیکیورٹی عملہ پریشان ، دلچسپ واقعہ پیش آگیا
Leave a comment