ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن نےبھارتی ریاست منی پور سانحے پر بھارتی حکومت کی طرف سے خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں اس افسوسناک سانحہ پر گفتگو جاری ہے جبکہ حکومت اس معاملے پر ٹس سے مس نہیں ہورہی۔جیا بچن نے حادثے کی اندوہناک ویڈیوز پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ” ان میں پورے کلپ کو دیکھنے کی ہمت نہیں تھی اور انہیں بہت شرم محسوس ہوئی۔”ان کا کہنا تھا کہ” اتنے بہیمانہ واقعہ اور خراب صورتحال کے باوجود سرکاری حکام کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔”اُنہوں نے کہا کہ “جن ریاستوں میں بھارتی حکومت کی پوزیشن مضبوط ہے وہاں کیا ہو رہا ہے، اس بارے میں بات نہیں کی جاتی۔”جیا بچن نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ” یہی صورتحال رہی تو جو کچھ حکومت کے پاس بچا ہے وہ بھی نہیں رہے گا۔”