لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف فائنل میچ میں فتح پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاءاشرف نے پاکستان شاہینز کو مبارکباد دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو واضح مارجن سے شکست دے کر آﺅٹ کلاس کیا، پاکستانی شاہینوں نے ہر شعبے میں بھارت پر اپنی برتری ثابت کی، پاکستانی کرکٹرز نے قوم کو خوشی دی اور دل جیت لئے۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے روایتی حریف کو شکست دے کر سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔دوسری جانب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف نے پاکستان شاہینز کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان شاہینز نے فائنل میں انڈیا اے کو کھیل کے ہر شعبے میں آئوٹ کلاس کردیا، تمام کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا، نوجوان کھلاڑی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ذکا اشرف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان شاہینز ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کی کسی بھی ٹیم سے مقابلہ کرسکتی ہے۔